نئی دہلی،26؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کسانوں نے احتجاج کے درمیان ہفتے کے روزحکومت کی بات چیت کی تجویز کو قبول کرلیا۔ کسان تنظیموں نے 29 دسمبر یعنی منگل کی صبح 11 بجے حکومت کو ایک میٹنگ کی تجویزپیش کی ہے۔کسانوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے اور کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) کو قانونی حیثیت دینے کے لیے بات چیت کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ایئر کوالٹی اور بجلی ترمیمی بل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہونا چاہیے۔ متحدہ کسان مورچہ نے آج حکومت کو اس سلسلے میں ایک تجویز بھیجی ہے۔ متحدہ کسان مورچہ نے اس تجویزمیں کہاہے کہ حکومت کسانوں کی سہولت کے وقت اور کسانوں کے منتخب کردہ امور پر بات چیت کے لیے تیار رہے لہٰذا وہ تمام تنظیموں سے بات کرنے کے بعد تجاویز پیش کررہے ہیں۔ کسان مورچہ نے کہاہے کہ ہم ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کرنا چاہتے ہیں کہ کسان تنظیمیں ہمیشہ کھلے ذہن کے ساتھ بات چیت کے لیے تیارہیں اوررہیں گی۔